اسلام آباد (آئی این پی )وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے کہا ہے کہ اینٹی کرپشن قانون پر آئی ایم ایف پروگرام ملتوی ہونے کی خبروں میں حقیقت نہیں، اس حوالے سے ٹویٹس اور خبروں سے لطف اندوز ہو رہا ہوں ،آئی ایم ایف پروگرام ٹریک پر ہے۔وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے
سماجی رابطوں کی ویب سائیٹ پر ایک ٹویٹ میں لکھا کہ میں اینٹی کرپشن قانون کی وجہ سے آئی ایم ایف پروگرام کے ملتوی یا اس میں تاخیر کی ٹویٹس اور خبروں سے لطف اندوز ہو رہا ہوں۔ان کا کہنا تھا کہ اس میں کوئی سچائی نہیں ہے۔ آئی ایم ایف پروگرام ٹریک پر ہے۔ اس سے قبل ہفتے کو پاکستان کے وزیر داخلہ رانا ثنااللہ نے کہا تھا کہ آئی ایم ایف ایک ارب ڈالر کے لیے تگنی کا ناچ نچا رہا ہے۔رانا ثنااللہ نے پولیس لائن اسلام آباد میں ایک تقریب سے خطاب میں کہا کہ ایک یا ڈیڑھ ارب ڈالر کے لیے ہم آئی ایم ایف کے ساتھ مذاکرات کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہم نے اپنی بھرپور کوشش کی کہ ہم تیل کی قیمتیں نہ بڑھائیں۔ملک کو اگر اگلے تین مہینوں میں نگران حکومت کے حوالے کر دیں تو جو ملک کی معاشی صورتحال ہے، معاشی ماہرین کہہ رہے تھے کہ ملک دیوالیہ ہو جائے گا۔انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف کے معاہدے پر صحیح طریقے سے بات چیت نہیں ہوئی تھی۔سابق حکومت نے معاہدہ غلط کیا اور دیر سے کیا اور اس کے بعد عملدرآمد میں خامیاں چھوڑی گئیں۔