لاہور(مانیٹرنگ، این این آئی) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما علیم خان نے جہانگیر ترین گروپ سے راہیں جدا کرنے کا حتمی فیصلہ کرلیا، اس بات کا دعویٰ نجی ٹی وی ایکسپریس نیوز نے کیا، نجی ٹی وی کے مطابق ترین گروپ کی علیم خان سے اُن کی رہائش گاہ پر ہونے والی
ملاقات ناکام رہی ہے، ذرائع کا کہنا ہے کہ دورانِ ملاقات ترین گروپ کے سخت گیر اراکین کی وجہ سے علیم خان گروپ کی دوریاں مٹ نہ سکیں، جس کے بعد علیم خان نے اپنی سیاسی حکمت عملی اور سرگرمیوں کو ترین گروپ سے علیحدہ کرلیا اور وہ ملاقاتوں کے لیے اسلام آباد روانہ ہوگئے۔واضح رہے کہ جہانگیر ترین گروپ کے رہنماؤں نے لندن سے واپس آنے والے سینئر رہنما عبدالعلیم خان سے ان کی رہائشگاہ پر ملاقات کی جس میں موجودہ سیاسی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا، رہنماؤں نے وزیر اعلیٰ پنجاب کی تبدیلی کے مطالبے سے پیچھے نہ ہٹنے کے موقف پر اتفاق کیا۔ جہانگیر ترین گروپ کے رہنما سعید اکبر نوانی، عو ن چوہدری اور دیگر نے لندن سے وطن واپس پہنچنے والے عبد العلیم خان سے ان کی رہائشگاہ پر ملاقات کی۔ اس موقع پر خالد محمود،عائشہ نواز چوہدری،ہارون گل بھی شامل تھے۔ ملاقات میں وزیر اعلیٰ پنجاب کی تبدیلی کے موقف اور سیاسی صورتحال بارے تبادلہ خیال کیا گیا۔ رہنماؤں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی تبدیلی کے موقف سے پیچھے نہیں ہٹا جا سکتا۔