اسلام آباد (اے پی پی)وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ پاکستان اور اومان کے درمیان تعلقات اسلامی بھائی چارے اور باہمی اعتماد پر قائم ہیں، اومان کے شہریوں کو پاکستان میں تجارت اورسیاحت کےلئے ویزا میں ہرممکن سہولیات دیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں
نے اومان کے سفیر الشیخ محمدعمراحمدالمحرون سے ملاقات کے دوران کیا جنہوں نے وزیر داخلہ سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران پاکستان ،اومان دوطرفہ تعلقات سمیت باہمی دلچسپی کے امور اور پاکستان اوراومان کے درمیان سیاحت اور تجارت کو فروغ دینے سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اومانی سفیر نے کہا کہ پاکستان اوراومان کے درمیان فیری سروس کا آغاز جلد ہوگا، فیری سروس سے پاکستان اوراومان کے درمیان تجارت اور سیاحت کو بے پناہ فروغ ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان سے عازمین حج و عمرہ باآسانی حرمین شریفین بھی جا سکیں گے۔وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا کہ پاکستان اور اومان کے درمیان تعلقات اسلامی بھائی چارے اور باہمی اعتماد پر قائم ہیں، خوشی ہے کہ اومان کی معاشی ترقی میں ہزاروں پاکستانی اپنا کردارادا کررہے ہیں، بیرون ملک پاکستانی ہمارا بہترین سرمایہ اور لازوال اثاثہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اومان کے شہریوں کو پاکستان میں تجارت اورسیاحت کےلئے ویزا میں ہرممکن سہولیات دیں گے۔