پشاور(این این آئی) خیبرپختونخوا حکومت نے احساس راشن پروگرام کے تحت خیبرپختونخوا کے 30 لاکھ خاندانوں کو 6 ماہ کے لیے آٹے، دالوں اور کوکنگ آئل پر30 فیصد رعایت دینے کا اعلان کیا ہے جس پر 20 ارب روپے خرچ کیے جائیں گے،
مذکورہ رقم میں صوبائی حکومت 13 جب کہ مرکز 7 ارب روپے فراہم کرے گا، جب کہ اس پیکج میں 6 ماہ کے بعد مزید توسیع بھی کی جاسکتی ہے۔وزیراطلاعات خیبرپختونخوا کامران بنگش کے مطابق گزشتہ سال گندم درآمد کی گئی، کے پی نے گزشتہ سال 2 ارب 9 کروڑ کے بجائے 11 ارب روپے کی سبسڈی دی، آٹا انڈیا اوربنگلہ دیش میں 83 روپے جب کہ پاکستان 50 سے 60 روپے ہے، پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں دگنی ہوئی ہیں، لیکن یہاں عوام کو ریلیف دیا گیاہے، حکومت پاکستان نے لیوی کوکم کیا تا کہ عوام کوریلیف مل سکے، دنیا میں مہنگائی کاتناسب 50 فیصد اورپاکستان میں 9 فیصد ہے۔کامران بنگش نے کہا کہ کورونا کے بعد پاکستان کی معیشت دیگرممالک سے بہتر ہے، کے پی کی ساڑھے تین کروڑ آبادی کے لیے اقدامات جاری ہیں، ہماری معیشت درآمدات پر چل رہی ہے، احساس پروگرام کے تحت سروے کیاگیا، جس کے مطابق 20 ملین خاندان غربت میں شامل ہے جس کے باعث وزیراعظم نے احساس راشن پروگرام کا اعلان کیا جس سے مجموعی طور پر13 کروڑ لوگوں کو فائدہ ملے گا۔