کراچی (این این آئی) تین سالہ کمسن بچی کو مبینہ زہر دے دیا گیا، جس کے باعث بچی جاں بحق ہوگئی۔کورنگی ڈرائیونگ لائسنس برانچ کے قریب گھر میں تین سالہ کمسن بچی عائشہ پراسرار طور پر جاں بحق ہوگئی، بچی کی لاش ایمبولنس میں جناح اسپتال منتقل کردی گئی
۔بچی کی ماں نے اپنے مہمان پر بچی کو زہر دینے کا الزام لگایا ہے۔ مہمان بلوچستان کے اپنے گاؤں جا چکا ہے۔بچی کی ماں شہزادی نے بیان دیا کہ میں وقوعہ کے وقت گھر میں نہیں تھی۔ گھر میں بلوچستان سے آنے والا مہمان اصغر موجود تھا۔ مہمان نے میری بیٹی کو کھانے میں زہر دیا ہے۔پولیس کے مطابق ماں کہتی ہے کہ میں جب گھر پہنچی تو میری بیٹی کی لاش پڑی تھی۔ خاتون کی فیملی ملاح برادری سندھی ہے، جب کہ مہمان بلوچستان کا بلوچ ہے۔ ملزم اور بچی کی فیملیز کا ایک دوسری سے پرانا تعلق ہے۔پولیس نے بتایا کہ بچی کا باپ نبی بخش معذور ہے مہمان اکثر ان کے پاس آتا تھا۔ موقع سے روٹی اور کھانے کے نمونے لیبارٹری ٹیسٹ کے لیئے حاصل کرلیے گئے ہیں۔