کراچی(این این آئی) شہر قائد میں ایک تربیتی طیارہ حادثے سے بال بال بچ گیا۔تفصیلات کے مطابق کراچی ایئر پورٹ پر تربیتی طیارہ حادثے سے بال بال بچ گیا، سیسنا ساختہ طیارہ تربیتی پرواز پر تھا۔تربیتی طیارے میں اڑان بھرنے کے کچھ ہی دیر بعد فنی خرابی پیدا ہو گئی تھی،
ذرائع نے بتایا کہ طیارے کا سسٹم فریز ہونے کے باعث اس نے کام کرنا چھوڑ دیا تھا۔فنی خرابی کے باعث طیارے کا کنٹرول ٹرینی کپتان کے بس میں نہیں رہا، غیر معمولی صورت حال کی وجہ سے سیسنا طیارے کے کپتان کو مے ڈے مے ڈے کی کال دینی پڑی۔ذرائع کے مطابق مے ڈے کال پر ہنگامی صورت حال ڈیکلیئرہونے کے بعد ایئر پورٹ پر فائر بریگیڈ عملے کو طلب کیا گیا، اور کنٹرول ٹاور کی معاونت سے کپتان نے تربیتی طیارے کو بہ حفاظت رن وے پر اتارا۔ترجمان سی اے اے نے بتایا کہ تربیتی طیارے میں دوران اڑان فنی خرابی پیدا ہوئی، طیارے کی بہ حفاظت لینڈنگ کی گئی، کپتان اور طیارہ دونوں محفوظ رہے۔