اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک )پاکستان کرکٹ بورڈ نے نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ کے انعقاد کی تاریخ کا اعلان کر دیا ۔ پی سی بی نے جاری اعلامیے میں کہا ہے کہ نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ 23ستمبر سے شروع ہو گا اس ایونٹ میں قومی کھلاڑی بھرپور شرکت کریں گے ۔
تفصیلات کے مطابق نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ کا پہلا مرحلہ راولپنڈی میں ہوگا، یہ ایونٹ 23 ستمبر سے 13 اکتوبر تک جاری رہےگا۔نجی ٹی جیو کے مطابق پہلا مرحلہ راولپنڈی میں 23 ستمبر سے 3 اکتوبر تک جاری رہےگا، دوسرا مرحلہ قذافی اسٹیڈیم لاہور میں 6 اکتوبر سے شروع ہوگا۔اعلامیے کے مطابق قومی کرکٹ ٹیم کےکپتان بابر اعظم سینٹرل پنجاب کی قیادت کریں گے، نائب کپتان قومی ٹیم شاداب خان ناردرن کی قیادت کریں گے، امام الحق بلوچستان اور سرفراز احمد سندھ کی قیادت کریں گے، ان کے علاوہ محمد رضوان خیبر پختونخوا اور صہیب مقصود سدرن پنجاب کی قیادت کریں گے۔