اسلام آباد (آن لائن ) وزیراعظم عمران خان نے ملکی ہوائی اڈوں پر بڑھتے وی آئی پی پروٹوکول پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعظم آفس کی جاب سے تمام متعلقہ وزارتوں
کو مراسلہ جاری کر دیا گیا۔ وزارتوں کو بھجوائے گئے مراسلے میں کہا گیا ہے کہ مختلف ایجنسیوں کے ذریعے باضابطہ اور غیر رسمی طور پر پروٹوکول فراہم کیا جاتا ہے، یہ صورتحال ناصرف امتیازی ہے بلکہ وی آئی پی کلچر کے خلاف حکومتی پالیسی کے بھی خلاف ہے۔وزیر اعظم نے ہدایت کی ہے کہ سرکاری افسران اور دیگر نجی افراد کو غیر مجاز پروٹوکول دینے کا سلسلہ فوری طور پر بند کیا جائے، صرف ریاستی مہمان، سینئر وزراء اور حکومت کی طرف سے مطلع کیے گئے وی آئی پیز کو پروٹوکول دیا جائے۔ وزیراعظم کے اس حکم کی خلاف ورزی پر متعلقہ ادارے سربراہ کو ذمہ دار ٹھہرایا جائے گا، خلاف ورزی کرنے والے افسران کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔