کراچی(این این آئی)محکمہ موسمیات نے بدھ سے کراچی سمیت سندھ میں بارشوں کی پیشگوئی کی ہے جبکہ محکمہ پی ڈی ایم اے نے تیزبارشوں کی پیشگوئی کے بعد تمام متعلقہ ڈیپارٹمنٹس کو ہائی الرٹ رہنے کانوٹیفکیشن جاری کردیا۔محکمہ موسمیات کے مطابق کل سے مون سون کرنٹ مشرقی سندھ میں داخل ہو جائے گا
جس کے باعث کراچی میں یکم ستمبر سے 3 ستمبر کے درمیان گرج چمک کے ساتھ معتدل اور تیز بارش ہونے کا امکان ہے، مون سون کے اثرات اس وقت وسطی بھارت میں موجود ہیں جو شمال مغرب کی جانب بڑھ رہے ہیں۔محکمہ موسمیات کے مطابق31اگست سے 3 ستمبر کے دوران تھرپارکر، عمرکوٹ، سانگھڑ، بدین، میرپورخاص، سکھر، جیکب آباد، لاڑکانہ، دادو، شکار پور اور گھوٹکی میں گرج چمک کے ساتھ تیز بارشوں کا امکان ہے جبکہ یکم ستمبر سے 3 ستمبر کے دوران کراچی، حیدرآباد، ٹھٹھہ اور نواب شاہ میں گرج چمک کے ساتھ ہلکی درمیانی اور تیز بارشیں ہونے کی توقع ہے۔دوسری جانب محکمہ پی ڈی ایم اے نے کراچی میں تیز بارشوں کی پیشگوئی کے بعد تمام متعلقہ ڈیپارٹمنٹس کو نوٹیفکیشن جاری کردیا۔محکمہ پی ڈی ایم اے نے تمام متعلقہ ڈیپارٹمنٹس کو نوٹیفکیشن کے ذریعے آگاہ کرتے ہوئے ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت کی ہے ۔محکمہ موسمیات کے مطابق31 اگست کی رات سے تین ستمبر تک اندرونِ سندھ یعنی تھرپارکر، عمرکوٹ اور سانگھڑ ڈسٹرکٹ سمیت مختلف علاقوں میں موسلادھار بارشیں ہوں گی۔کراچی میں 01ستمبر سے 03 ستمبر تک تیز بارشوں کا امکان ہے۔