تاشقند (این این آئی)وزیراعظم عمران خان نے کہاہے کہ حضرت بہائوالدین نقشبند نے اپنی صوفی تعلیمات کے ذریعہ لوگوں اوردلوں کے درمیان رابطوں کے فروغ میں اہم کرداراداکیاہے۔ہفتہ کو وزیر اعظم عمران خان نے ازبکستان کے شہربخارامیں صوفی سلسلہ نقشبندیہ کے بانی حضرت بہائوالدین نقشبند کے مزارپرحاضری اورفاتحہ خوانی کے بعد ازبکستان کی میڈیا سے گفتگو میں کہاکہ
حضرت بہائوالدین نقشبند کی شخصیت ولولہ انگیز تھی جنہوں نے اپنی صوفی تعلیمات کے ذریعہ لوگوں اوردلوں کے درمیان رابطوں کے فروغ میں اہم کرداراداکیاہے۔وزیراعظم نے کہاکہ تاریخ کی کتابوں میں ہم نے ازبکستان کے بارے میں جو کچھ پڑھا ہے وہ زیادہ تر امیرتیمور اوران کی نسل کے بارے میں ہے جنہوں نے ہندوستان پر300 سال تک حکومت کی تاہم عوام کے درمیان رابطوں کے بارے میں بہت کم علم ہے۔ حضرت بہائوالدین نقشبند جیسی شخصیات نے اپنی صوفی تعلیمات کے ذریعہ لوگوں اوردلوں کے درمیان رابطے جوڑنے میں اہم اورکلیدی کرداراداکیاہے۔وزیراعظم نے اپنے دورہ ازبکستان پر خوشی کااظہارکرتے ہوئے کہاکہ اس سے ایک نئے دورکاآغاز ہوا ہے، دونوں ممالک کے درمیان عوامی رابطوں اور تجارت کے شعبہ کو فروغ ملے گا جبکہ سیاسی رابطوں میں بھی اضافہ ہوگا۔وزیراعظم عمران خان نے 15ویں صدی کے عظیم شہر سمرقند کے دورے کو ایک شاندار تجربہ قرار دیتے ہوئے سمرقند میں امیر تیموراور امام بخاری ؒکے مزارات پر حاضری دی۔تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر دورہ سمرقند کی تصاویرسوشل میڈیاپرشیئرکرتے ہوئے اپنے پیغام میں کہا کہ سمرقندکادورہ ایک شاندارتجربہ تھا، سمرقند15ویں صد ی کے آغازمیں دنیاکے عظیم ترین شہروں میں شامل تھا،
سمرقند میں امیر تیموراور امام بخاری کے مزارات پر حاضری دی۔ دوسری جانب وفاقی وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ ازبکستان کی حکومت اور عوام نے وزیر اعظم عمران خان کو جو محبت اور احترام دیا اس کیلئے مشکور ہیں،وزیر اعظم کے دورے نے وسطی ایشیا کے ساتھ معاشی اور سٹریکجک تعلقات کی مضبوط بنیاد رکھ دی ہے۔اپنے بیان میں چوہدری فواد حسین نے کہاکہ پشاور سے تاشقندٹرین اور روڈ نیٹ ورک دو عظیم منصوبوں سی پیک اور ای یو کو آپس میں ملا دے گا۔