کویت سٹی (این این آئی)کویت نے یکم اگست سے صرف ان غیرشہریوں (تارکینِ وطن)کو ملک میں داخلے کی اجازت دینے کا اعلان کیا ہے جنھوں نے کووِڈ19 کی کسی ویکسین کی دونوں خوراکیں لگا رکھی ہوں گی۔کویتی حکومت نے اس کے ساتھ یہ شرط بھی عاید کی ہے کہ کسی فرد کو
لگائی گئی ویکسین خلیجی ریاست کی منظورشدہ ہونی چاہیے۔میڈیارپورٹس کے مطابق یکم اگست کے بعد کویت جانے کے خواہاں افراد کو پرواز سے قبل پی سی آر ٹیسٹ کرانا ہوگا۔کویت میں آمد کے بعد سات روز تک اپنے گھر یا جائے قیام پر قرنطین میں رہنا ہوگا اور اس دوران میں ایک اور ٹیسٹ کرانا ہوگا۔کابینہ نے یہ فیصلہ بھی کیا کہ یکم اگست کے بعد مکمل ویکسین لگوانے والے افراد ہی کو ملک سے باہر سفر کی اجازت ہوگی۔کویتی کابینہ کے ایک اورفیصلے کے مطابق 27 جون سے صرف ویکسین لگوانے افراد کو ریستورانوں ،کیفے خانوں ، ہیلتھ کلبوں، حماموں اور بڑے کاروباری مراکز میں داخل ہونے کی اجازت ہوگی۔کویت کے علاوہ تین اور خلیجی ممالک بحرین ، متحدہ عرب امارات اور سعودی عرب کووِڈ19کی روک تھام کے لیے نئی نئی قدغنیں عاید کررہے ہیں اور انھوں نے کاروباری مراکز، شاپنگ مالوں ،عوامی مقامات اور تفریح گاہوں میں داخلیکے لیے ویکسین لگوانے کی شرط عاید کردی ۔واضح رہے کہ کویت نے پہلے ہی کووِڈ-19 کی ویکسین نہ لگوانے والے اپنے شہریوں پر 22 مئی سے بیرون ملک سفر پر روانہ ہونے پابندی عاید کررکھی ہے۔