کوئٹہ( این این آئی)احتساب عدالت کوئٹہ نے جرم ثابت ہونے پرپاکستان ٹیلی کمیونیکیشن لمیٹڈ (پی ٹی سی ایل) کوئٹہ کے سینئر ریونیو افسر اشفاق خالد کو 19470710روپے جرمانہ وقید جبکہ سابق کیشیئر ریونیو آفس پی ٹی سی ایل پرویززکی کو 5000000روپے جرمانہ وقیدکی سزا سنادی۔
فیصلہ احتساب عدالت کے جج اللہ داد روشان نے سنایا ۔ قومی احتساب بیورو بلوچستان کی تحقیقاتی ٹیم کے مطابق پی ٹی سی ایل کے سینئر افسر اشفاق خالد اور کیشیئر پرویز ذکی نے ملی بھگت سے ڈیلی ویجز ملازمین کے نام پر سات سال کے دوران 46152000 روپے تنخواہوں کی مد میں وصول کرکے تقریباً 2کروڑ روپے کا غبن کیا۔ نیب بلوچستان نے تحقیقات مکمل کرکے ریفرنس احتساب عدالت میں جمع کرایا تھا جس پر ملزمان بڑے عرصے تک مفرور رہے ، بعد ازاں نیب بلوچستان کی انٹیلی جنس ٹیم نے ملزمان کو گرفتار کرکے جیل بھجوایا۔احتساب عدالت کے جج اللہ داد روشان نے نیب کی تحقیقات اور ناقابل تردید ثبوتوں کی روشنی میں مجموعی طور پر ملزمان کو ڈیڑھ سال قیدا ور 24,440,710 جرمانہ کی سزا سنادی ہے۔