اسلام آباد (این این آئی)پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما محمد زبیر نے کہا ہے کہ دھاندلی کرنے کے لیے مکمل سازش کی گئی تھی، کس کس نے سازش کی جب تک سامنے نہیں آئے گا، انصاف نہیں ہوگا۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے این اے 75 ڈسکہ کے ضمنی الیکشن سے متعلق فیصلے پر محمد زبیر نے کہا کہ حکومت پر عدم اعتماد ہو گیا اور الیکشن کمیشن نے تاریخی فیصلہ سنایا جس پر خوشی ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کے خلاف کارروائی ہونی چاہیے اور اب ہمیں بتایا جائے کہ دھاندلی میں کون کون ملوث تھا۔ مریم نواز کی آواز الیکشن کمیشن
نے سنی اور ہماری قیادت کی جیت ہوئی۔رہنما مسلم لیگ نے کہا کہ ہماری جنگ کی پہلی فتح ہو چکی ہے، اگر ایک حلقہ عمران خان ہار جاتے تو کوئی نقصان نہیں ہوتا۔ 3 مارچ کی شام پی ٹی آئی اور حفیظ شیخ کا جنازہ نکلے گا۔اس موقع پر ن لیگی رہنما نوشین افتخار نے کہا کہ یہ ایک تاریخی فیصلہ ہے اور اللہ کا شکر ہے کہ آج ہم سرخرو ہوئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ این اے 75 کے عوام بغیر خوف ووٹ کا استعمال کریں۔ مجھے میری قیادت نے اعتماد دلایا جس پر ان کی مشکور ہوں۔انہوں نے کہاکہ ووٹ چوروں کا آئندہ بھی ڈٹ کر مقابلہ کریں گی۔