لاہور(این این آئی)لاہور ہائیکورٹ نے وفاقی حکومت کو سفید کاغذ کا بے جا استعمال روکنے کا حکم دے دیا۔لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد کریم نے سرکاری اداروں میں سفید کاغذ کو دونوں طرف استعمال نہ کرنے سے متعلق تحریری حکم جاری کیا ۔
جسٹس شاہد کریم نے اپنے تحریری حکم میں کہا کہ وفاقی حکومت سفید کاغذ کا بے جا استعمال روکنے کے لیے اقدامات کرے۔جسٹس شاہد کریم نے ریمارکس دئیے کہ یہ معاملہ مفاد عامہ کی آگاہی کے حوالے سے بھی بہت اہم ہے۔ تحریری حکم میں کہا گیا کہ سفید کاغذ کے زیادہ استعمال کے باعث درختوں کی کٹائی کی وجہ سے فصلوں کو بھی نقصان پہنچ رہا ہے، سفید کاغذ کی تیاری درختوں سے کی جاتی ہے، کاغذ کے دونوں جانب سے استعمال نہ ہونے سے کاغذ کی ڈیمانڈ میں اضافہ ہوتا ہے جس کی وجہ سے درختوں کی کٹائی بڑھ جاتی ہے۔درخواست گزار نے استدعا کی تھی کہ عدالت عالیہ سرکاری اداروں اور عدالتوں میں کاغذ کے دونوں جانب سے استعمال کا حکم جاری کرے جس پر عدالت نے وفاقی حکومت کو سرکاری اداروں میں سفید کاغذ کے بے جا استعمال سے روکنے کا حکم دے دیا۔