لاہور (آن لائن) صوبائی دارالحکومت لاہور کی صفائی اور ستھرائی پر معمور لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کو ترک کمپنی کے ساتھ ہونے والے معاہدے کے خاتمے پر لینے کے دینے پڑ گئے۔ لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی نے معاہدہ ختم ہونے پر شہر کی صفائی اور ستھرائی پر معمور
ترک کمپنی اوز پاک کو 31 دسمبر تک معاملات ایل ڈبلیو ایم سی کے حوالے کرنے کا نوٹس جاری کیا تھا۔ لیکن ترک کمپنی نے نوٹس پر عملدرآمد کرنے کی بجائے۔ الٹا لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کو نوٹس بھیج دیا ہے جس میں ایل ڈبلیو ایم سی سے کہا گیا ہے کہ وہ اوز پاک کے اپنے ذمہ اربوں روپے کے واجبات ادا کرے اوز پاک کی جانب سے ایل ڈبلیو ایم سی کو بھیجے گئے نوٹس میں کمپنی نے مارچ 2019ء سے اپنے کروڑوں روپے مالیت کے واجبات کی واپسی کے لئے نشاندہی کی ہے اور ایل ڈبلیو ایم سی سے مطالبہ کیا ہے کہ ان کے افسران کے زیر استعمال اوز پاک کی گاڑیاں واپس کی جائیں۔ ایل ڈبلیو ایم سی کے سینٹری ورکر جن کی تنخواہیں کمپنی دے رہی تھی۔ وہ تنخواہیں اوز پاک کو واپس کی جائیں۔ نیز اوز پاک نے ایل ڈبلیو ایم سی کی ورکرشاپ سمیت دیگر پراپرٹیز پر عائد جو ٹیکس ادا کئے ہیں۔ وہ بھی واپس کئے جائیں۔ اوز پاک نے ایل ڈبلیو ایم سی پر واضح کردیا ہے کہ اگر سرکاری ادارے نے ان کے اربوں روپے کے واجبات ادا نہ کئے تو وہ عالمی عدالت سے رجوع کرنے پر حق منجانب ہونگے۔ اوز پاک کے نوٹس کے اجراء کے بعد ایل ڈبلیو ایم سی کے افسران سر جوڑ کر بیٹھ گئے ہیں۔ تاہم انہیں سمجھ نہیں آرہی کہ وہ اوز پاک کے واجبات کہا سے ادا کریں گے۔