اسلام آباد ( آن لائن ) 1965 اور 1971 کی پاک بھارت جنگوں میں شاندار کارنامے دکھا نے والے پاک فضائیہ کے مایہ ناز ہوا بازائیر مارشل (ریٹائرڈ) دلاور حسین انتقال کر گئے،سربراہ پاک فضائیہ ائیر چیف مارشل مجاہد انور خان نے عظیم جنگی ہیرو کی وفات پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔
ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق ائیر چیف مارشل مجاہد انور خان نے پاک فضائیہ کے ہیرو کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے 1965اور1971 کی پاک بھارت جنگوں میں انکے جرت مندانہ کارناموں کو سراہتے ہوئے کہاکہ وہ ایک غیر معمولی فائٹر پائلٹ تھے اور ہمیشہ اپنی پیشہ ورانہ مہارت اور بہادری سے یاد رکھے جائیں گے۔ واضح رہے کہ 1940ء میں کوئٹہ میں جنم لینے والے دلاور حسین نے مارچ 1962ء میں بطور فائٹر پائلٹ پاک فضائیہ میں شمولیت اختیار کی۔ 1965 ء کی پاک بھارت جنگ کے دوران وہ پی اے ایف بیس پشا ور کے 19 اسکواڈرن میں تعینات تھے۔ دشمن کو بہت زیادہ بھاری نقصان پہنچانے کے علاوہ ان کی فارمیشن نے پٹھان کوٹ ائیر فیلڈ پر موجود 14 بھارتی جنگی جہازوں کو تباہ کر دیا۔اس جنگ میں ان کی غیر معمولی بہادری کے اعتراف میں انہیں ”ستارہ جرات” سے نوازا گیا۔