کراچی(این این آئی)کراچی کے علاقے کلفٹن میں لڑکی سے آبرو ریزی کے کیس میں نامزد ایک ملزم نے تفتیشی افسر کو اپنا بیان ریکارڈ کرا دیا ہے۔ذرائع کے مطابق کلفٹن میں لڑکی سےآبرو ریزی کے الزام میں نامزد ملزمان میں سے ایک نے تفتیشی افسر کے سامنے پیش ہوکر اپنا بیان ریکارڈ
کرادیا ہے۔عبداللہ نے تفتیشی افسر کو بتایا کہ لڑکی کی جانب سے ان پر اغوا کا الزام سراسر جھوٹ ہے کیونکہ وہ لڑکی کو ایک مہینے قبل سے جانتا ہے۔نامزد ملزم عبداللہ نے کہاکہ لڑکی اس سے فون پر بھی بات کرتی تھی اور ان دونوں کے آپس میں دوستی کے تعلقات تھے۔آبرو ریزی کیس میں نامزد دوسرا ملزم عبدالقادر والدہ کی وفات کی وجہ سے تفتیشی افسر کے سامنے پیش نہیں ہوسکا۔دونوں ملزمان نے بلوچستان ہائیکورٹ سے 13 اکتوبر تک حفاظتی ضمانت حاصل کر رکھی ہے۔واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے کلفٹن سے 22 سالہ لڑکی کو 2 ملزمان نے اغوا کر کےآبرو ریزی کا نشانہ بنانے کے بعد چھوڑ کر فرار ہوگئے تھے۔پولیس کو کلفٹن کے پارک سے بیہوشی کی حالت میں ملنے والی لڑکی کو فوری طور پر جناح اسپتال منتقل کیا گیا ۔اس معاملے پر پولیس کا کہنا تھا کہ متاثرہ لڑکی ایک نجی ادارے میں ملازمت کرتی ہے، اسے مبینہ طور پر گاڑی میں سوار افراد نے اغوا کرکےآبرو ریزی کا نشانہ بنایاجبکہ طبی معائنے میں بھی زیادتی کی تصدیق ہو گئی ہے ۔