واشنگٹن(این این آئی)امریکا میں کورونا وائرس سے ہونے والی اموات کی تعداد ویت نام جنگ میں مارے گئے امریکیوں سے بھی بڑھ گئی۔میڈیارپورٹس کے مطابق کورونا وائرس سے امریکا میں اموات میں اچانک تیزی سے اضافہ ہوا ہے جہاں مزید ڈھائی ہزار افراد ہلاک ہو گئے
جس کے بعد کل اموات کی مجموعی تعداد تقریبا ساٹھ ہزار ہو گئی ہے۔امریکی نیشنل آرکائیو کے مطابق ویت نام جنگ میں 58 ہزار 220 امریکی مارے گئے تھے جبکہ امریکا میں کورونا وائرس سے اب تک 59 ہزار 266 افراد موت کے منہ میں پہنچ چکے ہیں۔امریکا کے اسپتالوں میں 8 لاکھ 34 ہزار 261 کورونا مریض زیرِ علاج ہیں جن میں سے 15 ہزار 298 کی حالت تشویش ناک ہے جبکہ 1 لاکھ 42 ہزار 238 کورونا مریض اب تک شفایاب ہو چکے ہیں۔امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے مشیر ڈاکٹر فاوچی نے کہاک کہ لاک ڈاون ختم کیا تو وائرس کے خلاف جنگ میں امریکا کئی ہفتے پیچھے چلا جائے گا۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ موسم خزاں میں صورتِ حال بہت بری ہوسکتی ہے، جبکہ کورونا وائرس عام زکام سے کئی گنا زیادہ مہلک ہے۔