اسلام آباد (این این آئی)پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہبازشریف نے کہا ہے کہ کورونا سے بڑھ کر ملکی معیشت کی زبوں حالی قومی سلامتی کے لئے خطرات بڑھا رہی ہے،کورونا کے لئے قومی حکمت عملی کی تیاری میں بہت تاخیر کی گئی،کورونا ایک علامت ہے، عالمی سطح پر بڑھتے معاشی خطرات کو مدنظر رکھ مجموعی قومی پالیسی درکار ہے ،
حکومت کی آئی ایم ایف سے حماقت پر مبنی ڈیل کورونا کی صورتحال میں ہماری مشکل مزید بڑھائے گی،پاکستان کی سٹاک ایکسچینج اب تک 10 فیصد پہلے ہی گر چکی ہے، آنکھیں نہ کھولیں توناقابل تلافی نقصان ہوگا۔ ایک بیان میں شہباز شریف نے کہاکہ کورونا اور عالمی سطح پر معاشی مضرات میں حکومت نے وہی غلطی کی جو ڈالر اور روپے کی قدر سے متعلق کی۔ اپوزیشن لیڈر نے کہاکہ 12 دن میں 60 کروڑ ڈالر کی رقم کا ملک سے نکل جانا ہمارے خدشات کی تصدیق ہے۔ انہوںنے کہاکہ عالمی سطح پر 9 ٹریلین ڈالر ڈوبنے کے اثرات کا پاکستان کے تناظر میں گہرا تجزیہ اور سنجیدہ حکمت عملی درکار ہے ۔انہوںنے کہاکہ حکومت کی آئی ایم ایف سے حماقت پر مبنی ڈیل کورونا کی صورتحال میں ہماری مشکل مزید بڑھائے گی۔ انہوںنے کہاکہ پاکستان کی سٹاک ایکسچینج اب تک 10 فیصد پہلے ہی گر چکی ہے، آنکھیں نہ کھولیں توناقابل تلافی نقصان ہوگا۔ انہوںنے کہاکہ دنیا کورونا اور معیشت کی بدحالی سے لڑ رہی ہے، ہماری حکومت میڈیا اور اپوزیشن سے لڑ رہی ہے۔ انہوںنے کہاکہ ’ہاٹ منی‘ کی حماقت پر چیخنے چلانے پر حکومت کی ضد، ہٹ دھرمی اور تکبر غالب رہا، آج قوم نقصان اٹھارہی ہے۔ انہوںنے کہاکہ پانچ منٹ میں کے ایس ای 30انڈیکس کا 4 فیصد گرنا خطرناک علامت ہے ۔ انہوںنے کہاکہ کورونا پر وزیراعلی سندھ اور دیگر لوگ توجہ دلاتے رہے، عمران نیازی کی آنکھ نہ کھلی۔ انہوںنے کہاکہ صورتحال مزید بگڑنے پر اب ہاتھ پاوں مارے جارہے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ پھر خبردار کررہا ہوں کہ باتوں سے معیشت چل سکتی ہے نہ کورونا سے پیدا شدہ صورتحال پر قابو پایا جاسکتا ہے ۔ انہوںنے کہاکہ عقل کل ہونے کے خبط سے نکل کر دل اور ذہن کی کھڑکیاں کھولیں، قوم اور ملک کی صحت سے نہ کھیلیں۔