اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک ) چین میں بڑھتا کرونا وائرس،پاکستان نے مرض سے بچاؤ کے پیش نظر چین کے ساتھ بارڈر بند کرنے کا حکم دے دیا۔ترجمان دفتر خارجہ عائشہ فاروقی نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ حکومت نے کرونا وائرس سے متعلق حفاظتی اقدامات کے پیش نظر خنجراب کے مقام پر تا حکم ثانی پاک چین بارڈر بند رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔دوسری جانب متعدد ممالک نے چینی شہر ووہان سے اپنے شہریوں کو خصوصی پروازوں کے ذریعے
نکالنا شروع کر دیا ہے۔ غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق امریکا اور جاپان کے لیے پروازیں روانہ ہوئیں جبکہ نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا اس پر غور کر رہے ہیں۔ جرمنی نے بھی ایک فوجی طیارہ روانہ کیا ہے، جس کے ذریعے نوے جرمن شہریوں کو واپس لایا جائے گا۔ علاوہ ازیں برٹش ایئر ویز نے چین کے لیے اپنی تمام پروازیں منسوخ کر دی ہیں۔ انڈونیشیا کے لائن ایئر گروپ نے بھی ہفتے سے چین کے لیے اپنی پروازیں منسوخ کرنے کا اعلان کیا ہے۔