اسلام آباد (این این آئی)یونیورسٹی آف ہیلتھ اینڈ سائنس (یو ایچ ایس) کے وائس چانسلر پروفیسر جاوید اکرم نے چین سے پھیلنے والے پرْاسرار کورونا وائرس سے نجات کیلئے وضو کو مؤثر ذریعہ بتاتے ہوئے کہا ہے کہ وائرس کی تشخیص کے حوالے سے حکومت کو بھرپور تعاون فراہم کریں گے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان میں اب تک کورونا وائرس کا کوئی بھی مریض سامنے نہیں آیا تاہم حکومت نے کورونا وائرس کے ممکنہ خدشات کے پیش نظر حفاظتی بڑے پیمانے پر حفاظتی اقدامات کر لیے ہیں اسی ضمن ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) ہیلتھ پنجاب ڈاکٹر ہارون جہانگیر نے بتایا کہ کورونا وائرس کے حوالے سے عالمی ادارہ صحت سے رابطے میں ہیں، ادارے نے اب تک کورونا وائرس کو وبا قرار نہیں دیا۔ڈی جی ہیلتھ پنجاب نے کہا کہ اداروں میں کوآرڈینیشن کیلئے خصوصی سیل قائم کر دیا گیا ہے، ساتھ ہی آرمی ہیلی کاپٹرز کی مدد سے ٹیسٹ کے لیے نمونے این آئی ایچ منتقل کر رہے ہیں۔دوسری جانب یو ایچ ایس کے وائس چانسلر پروفیسر جاوید اکرم نے بتایا کہ کورونا وائرس سے نمٹنے کیلئے یو ایچ ایس کے پاس کٹس اور ماہرین موجود ہیں، تشخیص کے حوالے سے حکومت کو بھرپور تعاون فراہم کریں گے۔وائرس سے بچاؤ کے مؤثر طریقے بتاتے ہوئے پروفیسر جاوید اکرم نے کہا کہ وضو کورونا وائرس سے نجات کا سب سے مؤثر ذریعہ ہے، ساتھ ہی انہوں نے یہ بھی بتایا کہ پاکستان میں حلال خوراک اور کھانا پکانے کے طریقے کی وجہ سے اس وائرس کے پھیلنے کا خطرہ بھی کم ہے۔پروفیسر جاوید اکرم کے مطابق وائرس سے بچاؤ کیلئے عام ماسک مؤثر نہیں، کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے N95 ماسک استعمال کرنا چاہیے۔