اسلام آباد (این این آئی)وزیراعظم عمران خان نے عائلی زندگی کے بارے میں گمراہ کن پراپیگنڈہ پر سینئر صحافی نجم سیٹھی کو عدالت میں لے جانے کا فیصلہ کیا ہے ۔ تحریک انصاف کے میڈیا سیل کی جانب سے جاری بیان میں کہاگیا کہ وزیر اعظم عمران خان کی ممتاز ماہر قانون ڈاکٹر بابر اعوان سے نجم سیٹھی کے بیان کے متن پر مفصل مشاورت ہوئی ۔ وزیر اعظم نے ڈاکٹر بابر اعوان کو 10 ارب روپے کے ہرجانے کا دعویٰ دائر کرنے کی ہدایت ہے ۔ وزیراعظم کی ہدایت پر ڈاکٹر بابر اعوان نے باضابط
ہتک عزت کا دعویٰ تیار کرلیا ،نجم سیٹھی کیخلاف ہتک عزت کا دعویٰ جج کے روبرو جمع کرائی گئی ۔ وکیل وزیر اعظم نے کہاکہ جعلی خبروں کے حوالے سے کسی طور نرمی نہیں برتی جاسکتی ۔بابر اعوان نے کہاکہ وزیراعظم کی عائلی زندگی کے بارے میں شرمناک دعویٰ کیا گیا، ٹی وی پر بیٹھ کر قانون و اخلاق کی دھجیاں بکھیرنے اور افراد کی ساکھ مجروح کرنے کی کوششوں کا رستہ روکنا ہوگا۔ انہوںنے کہاکہ امید ہے موصوف فرار کی راہیں تلاش کرنے کی بجائے عدالت میں اپنے بیہودہ دعویٰ کے دفاع کیلئے پیش ہوں گے۔