اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) سپریم کورٹ کے سینئر ترین جج، مسٹر جسٹس آصف سعید خان کھوسہ نے ریمارکس دیئے ہیں کہ سپریم کورٹ نے وکلاء کے تعاون سے24سال پرانا بیک لاگ ختم کردیا ہے اور اسی بناء پر ہی 2018 کی اپیل کی 2018 میں ہی سماعت کررہے ہیں۔ کئی اپیلیں 1994سے زیر سماعت تھیں۔روزنامہ جنگ کے مطابق جسٹس آصف سعید کھوسہ اور جسٹس مشیر عالم پر
مشتمل دو رکنی بینچ نے مالاکنڈ میں قاتلانہ حملہ کرنے کے ملزم صابر شاہ کی پشاور ہائیکورٹ سے ملنے والی سزا کیخلاف اپیل کی سماعت کے دوران مذکورہ بالا ریمارکس دیئے ۔جسٹس آصف کھوسہ نے اپیل کے حوالے سے کہا کہ ٹرائل کورٹ میں وقوع ثابت نہیں ہو سکا ہے،حملے کی جو وجہ ایف آئی آر میں درج ہے، بظاہر ٹھیک معلوم نہیں ہوتی ہے ، گواہان بھی گواہی کیلئے عدالت پیش نہیں ہورہے۔