کوہاٹ(نیوزایجنسی)اورکزئی ایجنسی کے علاقہ خوش درہ میں گھر کے اندر دھماکہ سے دو افراد جاں بحق اور چھ زخمی ہوگئے۔اطلاعات کے مطابق لوئر اورکزئی ایجنسی کے علاقہ بیزوٹ کے موضع خوش درہ میں ایک گھر کے اندربارودی مواد کے دھماکے میں قوم سپاہ سے تعلق رکھنے والے دو افراد موقع پر جاں بحق جبکہ چھ افراد شدید زخمی ہوگئے۔واقعہ کی اطلاع پر سیکیورٹی فورسز کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور علاقے کو گھیرے میں لیکر دھماکہ کی جگہ سے اہم شواہد قبضے میں لے لئے۔دھماکہ میں جاں بحق اور زخمی افراد کوفوری طور پر مقامی ہسپتال منتقل کر دیا گیا جہاں کئی زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔دھماکہ اتنا شدید تھا کہ اسکی آواز دور دور تک سنی گئی تاہم فوری طور پر دھماکہ خیز مواد کی نوعیت اور مقدار کا پتہ نہ چل سکاکہ آیا دھماکہ خیز مواد کس چیز میں نصب تھااور دھماکہ کس طرح رونما ہوا۔اورکزئی ایجنسی کی پولیٹکل انتظامیہ نے واقعہ کی تصدیق کر تے ہوئے تحقیقات شروع کردی ہیں۔