لاہور( این این آئی) وزیر اعظم کے مشیر برائے خزانہ ڈاکٹر مفتاح اسماعیل نے کہا ہے کہ حکومت کی دانشمندانہ پالیسیوں کی بدولت معیشت میں بہتری کا رجحان دیکھا جارہا ہے، معیشت میں رواں مالی سال کے دوران 5.79 فیصد کی شرح نمو دیکھی گئی ہے۔ایک انٹر ویو میں انہوں نے کہا کہ زرعی شعبے نے بھی شاندار کارکردگی دکھائی ہے اور 3.8فیصد کی شرح نمو حاصل کی ہے جو گزشتہ 13برس کے دوران سب سے زیادہ ہے۔انہوں نے
کہا کہ رواں مالی سال کے پہلے نو ماہ کے دوران افراط زر کی شرح 3.85فیصد پر مستحکم رہی ہے۔مفتاح اسماعیل نے کہا کہ حکومت زیادہ شرح نمو اور کم افراط زر کا ہدف حاصل کرنے میں کامیاب رہی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعظم کی ڈیوٹی کی واپسی سکیم ،شرح تبادلہ کو مناسب سطح تک رکھنے اور حکومت کی برآمدات دوست پالیسیوں کی بدولت برآمدات میں 24 فیصد کا اضافہ ہوا ہے جو گزشتہ چار برس میں سب سے زیادہ ہے۔