لاہور ( این این آئی) احتساب عدالت نے ماڈل ہاؤسنگ انکلیو کے نام پر عوام سے اربوں روپے کا فراڈ کیس میں چیف ایگزیکٹو ماڈل ہاؤسنگ انکلیو ملزم فرحان چیمہ اور دو ڈائریکٹرز کو 10روزہ جسمانی ریمانڈ پر قومی احتساب بیورو (نیب )لاہور کے حوالے کر دیا ۔ گزشتہ روز نیب لاہور نے گرفتار چیف ایگزیکٹو ماڈل ہاؤسنگ انکلیو مملزم فرحان چیمہ
،ڈائریکٹرز محمد قاسم اور فرحاد علی کو احتساب عدالت میں پیش کیا ۔ نیب حکام کے مطابق ملزمان نے ماڈل ہاؤسنگ انکلیو کو نہ تو ایل ڈی اے سے منظور کروایا نہ ہی ملزمان کے پاس منظور شدہ لے آؤٹ پلان تھا،ملزمان نے محض چند کنال زمین کی ملکیت پر عوام سے اربوں روپے کے پلاٹس کی بوگس فائلیں فروخت کیں،ملزم فرحان ساتھی ڈائریکٹرز کی ملی بھگت سے اشتہارات کی مدد سے غیر قانونی سوسائٹی کے نام پر اربوں روپے بٹورتا رہا،ملزمان نے رعائتی واچر کے نام پر سینکڑوں لوگوں کو دھوکہ دیا،ملزم فرحان چیمہ کے بیرون ملک فرار ہونے کے خدشہ پر ملزم کی گرفتاری عمل میں لائی گئی ۔نیب کی جانب سے احتساب کی استدعا کی گئی جس پر احتساب عدالت نے تینوں ملزمان کو 10روزہ جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے کر دیا ۔