اسلام آباد (نیوز دیسک) سعودی عرب کی وزارتِ افرادی قوت و سماجی بہبود نے اعلان کیا ہے کہ غیر قانونی گھریلو ملازمین کے اقاموں کو قانونی حیثیت دینے کی مہلت میں مزید چھ ماہ کی توسیع کر دی گئی ہے۔سعودی سرکاری خبر رساں ادارے کے مطابق وزارت کی جانب سے جاری نئی مہلت آج سے نافذ العمل ہوگی اور اگلے چھ ماہ تک جاری رہے گی۔وزارت کا کہنا ہے کہ اس توسیع کا مقصد گھریلو ملازمین اور ان کے کفیلوں کو اضافی وقت فراہم کرنا ہے تاکہ وہ اپنے غیر حاضر ملازمین کے معاملات کو “مساند پلیٹ فارم” کے ذریعے خودکار نظام کے تحت درست کر سکیں۔ اس اقدام سے نہ صرف ملازمت کے ماحول میں بہتری آئے گی بلکہ تمام فریقوں کے حقوق بھی بہتر طور پر محفوظ رہیں گے۔
وزارتِ افرادی قوت کے مطابق یہ فیصلہ سعودی عرب میں لیبر مارکیٹ کے نظم و نسق کو مستحکم کرنے اور معاہداتی تعلقات میں بہتری کے لیے جاری کوششوں کا حصہ ہے۔اعلامیے میں مزید کہا گیا کہ وہ گھریلو ملازمین جن کے بارے میں غیر حاضری (Absconding) کی شکایات درج ہیں، یا جن کے اقامے کی مدت ختم ہو چکی ہے اور وہ اس وقت غیر قانونی طور پر مقیم ہیں، اب اپنے قانونی حالات درست کر کے اپنی ملازمت نئے کفیلوں کے نام منتقل کر سکتے ہیں، بشرطیکہ تمام قانونی تقاضے پورے کیے جائیں۔وزارت نے وضاحت کی کہ تمام کارروائیاں صرف مساند پلیٹ فارم کے ذریعے مکمل کی جائیں گی، اور یہ سہولت صرف اُن گھریلو ملازمین کے لیے ہے جو اعلان کے بعد مزید غیر حاضر نہیں ہوئے۔















































