اسلام آباد (نیوز دیسک) بالی وڈ لیجنڈری اداکار دھرمیندر کی مجموعی دولت و اثاثوں کی مالیت کی تفصیلات سامنے آگئیں۔ بھارتی میڈیا کے مطابق ان دنوں صحت کے مسائل سے دوچار اداکار دھرمیندر صرف ایک فلمی آئیکن نہیں ہیں، فلموں پھول اور پتھر، میرا گاؤں میرا دیش، شعلے، خاموشی، جانی غدار اور آئندہ آنے والی فلم والیا کیس کے حوالے سے شہرت رکھنے والے 89 سالہ فلم اسٹار ایک ذہین کاروباری شخصیت بھی ہیں جن کی دولت و اثاثوں کی مجموعی مالیت کا تخمینہ 335 کروڑ بھارتی روپے لگایا گیا ہے۔ انہوں نے بالی وڈ کے سب سے کامیاب اداکاروں میں اپنی پوزیشن مستحکم کرنے کے بعد کھانے اور مہمان نوازی کے شعبوں میں بھی قدم رکھا۔
دھرمیندر نے پہلی بار 2015 میں نئی دہلی میں ’گرم دھرم ڈھابہ‘ کے نام سے ریسٹورینٹ کا کاروبار شروع کیا۔ ایک تجارتی جریدے کے مطابق انہوں نے 2022 میں کرنال ہائی وے پر ’ہی مین‘ کے نام سے ایک اور ریسٹورینٹ کھولا، دھرمیندر اگرچہ ممبئی میں اپنے خاندان کے ساتھ رہتے ہیں تاہم وہ اکثر شہر کی ہلچل سے دور پرسکون پناہ گاہ لونا والا میں واقع اپنے 100 ایکڑ کے وسیع فارم ہاؤس پر بھی وقت گزارتے ہیں۔ پدم بھوشن ایوارڈ یافتہ اداکار کا یہ فارم ہاؤس جدید سہولتوں سے آراستہ ہے جس میں ایک بڑا سوئمنگ پول بھی شامل ہے جہاں وہ اکثر ایکوا تھراپی لیتے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق مہاراشٹرا میں دھرمیندر کی ملکیت میں 17 کروڑ روپے سے زیادہ کی جائیدادیں ہیں، ان کی سرمایہ کاری میں 88 لاکھ روپے سے زیادہ کی زرعی زمین اور 52 لاکھ روپے مالیت کی غیر زرعی زمین بھی شامل ہے۔
اطلاعات ہیں کہ اداکار اپنے لونا والا فارم ہاؤس کے قریب ایک ریزورٹ تیار کر کے ہوٹل اور مہمان نوازی سے منسلک کاروبار میں مزید توسیع کا منصوبہ بنا رہے ہیں۔ 2015 کی رپورٹ کے مطابق انہوں نے ایک ریسٹورینٹ چین کے ساتھ شراکت کی تھی تاکہ اپنی جائیداد کے قریب 12 ایکڑ کے پلاٹ پر 30 کاٹیجز والا ریزورٹ تعمیر کرسکیں۔ دھرمیندر کی گاڑیوں سے محبت ان کے شاندار کلیکشن سے ظاہر ہوتی ہے، ان کی بیش قیمت کاروں میں ونٹیج فیاٹ سے لے کر جدید لگژری گاڑی رینج روور ایووک بھی شامل ہے جس کی مالیت 85.74 لاکھ بھارتی روپے ہے، مرسڈیز بینز ایس ایل 500 بھی ہے جس کی قیمت 98.11 لاکھ بھارتی روپے ہے، ان کا گیراج نوادرات اور شان و شوکت دونوں کی عکاسی کرتا ہے۔















































