اسلام آباد (نیوز دیسک) پنجاب حکومت نے گاڑیوں کے منفرد اور پسندیدہ نمبر حاصل کرنے کے لیے آن لائن رجسٹریشن سسٹم کا آغاز کر دیا ہے، جس کے تحت شہری 30 نومبر تک اپنی رجسٹریشن مکمل کر کے من پسند نمبر حاصل کر سکتے ہیں۔تفصیلات کے مطابق محکمہ ایکسائز، ٹیکسیشن اینڈ نارکوٹکس کنٹرول پنجاب نے پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ (PITB) کے تعاون سے ایک جدید ای آکشن ایپ اور ویب پورٹل متعارف کرایا ہے، جس کے ذریعے شہری گھر بیٹھے نیلامی میں حصہ لے سکتے ہیں۔
یہ سسٹم رواں ماہ باضابطہ طور پر لانچ کیا گیا۔اس نئے نظام کے تحت کاروں اور موٹر سائیکلوں دونوں کے نمبر پلیٹس کی نیلامی آن لائن کی جا رہی ہے۔ کامیاب بولی دہندگان کے نام ایپ پر عوامی طور پر دیکھے جا سکیں گے تاکہ شفافیت برقرار رہے۔چیئرمین پی آئی ٹی بی فیصل یوسف کے مطابق ای آکشن پلیٹ فارم نے پوری نیلامی کے عمل کو ڈیجیٹل، شفاف اور آسان بنا دیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اب شہریوں کو دفاتر کے چکر لگانے کی ضرورت نہیں، وہ اپنے موبائل یا کمپیوٹر کے ذریعے آرام سے حصہ لے سکتے ہیں۔ماہرین کا کہنا ہے کہ خصوصی نمبر پلیٹس حاصل کرنے کا رجحان دو وجوہات کی بنا پر بڑھ رہا ہے
ایک ذاتی شناخت اور اظہار کے لیے، اور دوسرا سماجی وقار کے طور پر۔کئی شہری ایسے نمبر پسند کرتے ہیں جو ان کی شخصی یا مذہبی اہمیت رکھتے ہوں، جیسے 786، 007، یا اپنی تاریخِ پیدائش وغیرہ۔ بعض افراد ان نمبروں کو اپنے اسٹیٹس اور اثر و رسوخ کی علامت کے طور پر بھی استعمال کرتے ہیں۔چونکہ ایسے نمبر محدود ہوتے ہیں، اس لیے یہ اب صرف رجسٹریشن نہیں بلکہ شان و شناخت کی علامت بن چکے ہیں۔















































