اسلام آباد (نیوز دیسک) افغان طالبان حکومت نے واضح طور پر اعلان کیا ہے کہ اگر پاکستان کی جانب سے کوئی بھی حملہ ہوا تو فوری اور مؤثر جوابی کارروائی کی جائے گی۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق طالبان انتظامیہ نے عندیہ دیا ہے کہ اگر افغانستان پر کسی بھی قسم کی جارحیت کی گئی تو اسلام آباد کو براہ راست نشانہ بنایا جائے گا۔ افغان حکام کے مطابق اب افغانستان کی حکومت نے اپنی جوابی حکمتِ عملی واضح کر دی ہے۔
طالبان حکام کا کہنا ہے کہ افغان فریق بات چیت کے ذریعے معاملات حل کرنے کا خواہاں ہے، لیکن پاکستان کی جانب سے مذاکرات میں غیر سنجیدگی اور سخت رویہ اپنایا گیا۔ادھر سیکیورٹی ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ افغانستان میں حال ہی میں ہونے والی پولیس اکیڈمی کی پاسنگ آؤٹ پریڈ کے دوران ایسے ترانے پڑھے گئے جن میں پاکستان مخالف اور اشتعال انگیز زبان استعمال کی گئی۔ذرائع کے مطابق ان ترانوں میں اسلام آباد کو آگ لگانے اور لاہور میں جھنڈے گاڑنے جیسے اشعار شامل تھے۔واضح رہے کہ اس سے قبل طالبان وزیر نوراللہ نوری نے 7 نومبر کو سندھ اور پنجاب کے بارے میں دھمکی آمیز بیانات دیے تھے، جبکہ طالبان کی انٹیلی جنس سے منسلک ڈیجیٹل پلیٹ فارمز پر بھی اسلام آباد پر حملوں کی دھمکیاں متعدد بار نشر کی جا چکی ہیں۔















































