واشنگٹن (آئی این پی ) امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان جان کربی نے کہاہے کہ بین براعظمی میزائل کے تجربے پر شمالی کوریا پر مزید اقتصادی پابندیاں لگائیں گے،پاکستان کے میزائل تجربے کا علم ہے، ایٹمی طاقتیں احتیاط سے کام لیں۔امریکی ٹی وی کے مطابق واشنگٹن میں بریفنگ کے دوران جان کربی کا کہنا تھا کہ پاکستان سمیت تمام ایٹمی ممالک کو جوہری یا میزائل تجربات میں احتیاط کرناہوگی۔
ایران سے متعلق سوال پر جان کربی نے کہاکہ ایٹمی معاہدے کے تحت تہران یورینیم خرید سکتا ہے لیکن اسے افزودہ کرنے کے بعد ایٹمی ہتھیاروں کیلئے استعمال نہیں کرے گا۔ جان کربی نے ایران کے سابق صدر علی اکبر ہاشمی رفسنجانی کے انتقال پر ان کے ورثا سے تعزیت کی اور کہا کہ رفسنجانی ایران کے معروف رہنما تھے۔ شمالی کوریا سے متعلق سوال پر جان کربی نے کہاکہ پیانگ یانگ نے بین براعظمی میزائل کا تجربہ کیا تو اس کے خلاف اقوام متحدہ کے ذریعے مزید اقتصادی پابندیاں عائد کریں گے۔چین سے متعلق سوال پر جان کربی کا کہنا تھا کہ اوباماانتظامیہ ایک چین کی پالیسی پر یقین رکھتی ہے۔ بیجنگ سے متعلق امریکی پالیسی میں کوئی تبدیلی نہیں آئی۔