اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) خیر پور ٹامیوالی میں پاک فضائیہ اور بری فوج کی شاندار جنگی مشقیں جاری ہیں۔ تفصیل کے مطابق پاک فوج کے جوان آج ٹامیوالی ، ملتان میں اپنی پیشہ وارانہ مہارتوں کا مظاہرہ کر رہے ہیں ۔’’رعد البرق‘‘ جنگی مشقوں میں پاک فضائیہ کے مایہ ناز جنگی طیارے J-F17 تھنڈر طیارے نے صرف 40 سیکنڈ میں زمین پر اپنے ہدف کو کامیابی سے نشانہ بناتے ہوئے تہس نہس کر دیا جس پر جنگی مشقوں کا معائنہ کرنے والے دم بخود رہ گئے۔واضح رہے کہ پاک فوج کے سپہ سالار چیف آف آرمی سٹاف جنرل راحیل شریف اور وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف جنگی مشقوں کا معائنہ کرنے کیلئے ٹامیوالی میں موجودہیں جہاں اس وقت ایک پر وقار تقریب جاری ہے جس میں پاک فوج اور فضائیہ کے جوان سخت ٹریننگ اور مختلف حالات میں کشیدہ صورتحال سے نمٹنے کا عملی مظاہرہ کررہے ہیں۔ جاری جنگی مشقوں سے پاکستان کے دشمن ممالک کو واضح پیغام دیا جائے گا۔ پاک فوج کی پیشہ وارانہ تربیتی مشقوں کو ’’رعد البرق ‘‘ کا نام دیا گیا ہے۔