اسلام آباد (آن لائن) محکمہ موسمیات کے ڈائریکٹر ڈاکٹر محمد حنیف نے کہا ہے کہ سات روز کے اندر درجہ حرارت میں کمی کے باعث سماگ دھند میں تبدیل ہو جائے گا، جس کے بعد بیماریوں میں کمی آ سکتی ہے۔ اس بات کا اظہار انہوں نے آن لائن سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ڈاکٹر حنیف نے کہا کہ سات روز کے اندر درجہ حرارت میں کمی آنے کا امکان ہے۔ انہوں نے کہا کہ نومبر کے ماہ میں بارش کا ا مکان بہت ہی کم ہے جب تک بارش نہیں ہو گی تب تک سماگ اور دھند کا مسئلہ حل نہیں ہو سکتا۔ ڈاکٹر حنیف نے کہا کہ بھارتی پنجاب اور پاکستانی پنجاب میں چاول کی فصلوں کو جلانے کی وجہ سے سماگ کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے جبکہ دیگر وجوہات میں صنعتی آلودگی میں ا ضافہ بھی شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں مختلف صنعتوں میں ٹائر جلانے سے بھی آلودگی میں اضافہ رونما ہوا ہے جب تک اچھی بارشیں نہیں ہوں گی تب تک مسئلہ مکمل طور پر ختم نہیں ہو گا۔