کراچی(این این آئی) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہاہے کہ نواز شریف کو ایک اور موقع دینا چاہتاہوں، ان کا تیسرا دور ہے، ان سے لڑنا کھیل نہیں،ان سے لڑنے کیلئے گالم گلوچ نہیں، تجربے کار لوگوں کی رائے سے چلنا ہوگا، چاچا نے دکھانا ہے کہ وہ کھیل میں ہیں یا سیاست میں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو گھوٹکی کے علاقے خان گڑھ میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔بلاول بھٹوزرداری نے کہا کہ نوازشریف نے چار مطالبات نہیں مانے تووہ اصلی اورجمہوری ریلیاں، لانگ مارچ، دھرنے دیکھیں گے۔انہوں نے کہا کہ جن کی نیت صاف ہے ان کے ساتھ کام کرسکتا ہوں، چاچاعمران خان کے ساتھ اب تک کوئی ورکنگ ریلیشن نہیں بنا، اگرہم مل کرکام کرتے ہیں تونہ صرف نوازشریف کو نکالیں گے بلکہ شہبازشریف کا بھی یہ آخری دور ہوگا ۔صحافی کے سوال پربلاول نے کہا کہ میری عمر28 سال ہے اس لحاظ سے تووہ میرے چاچاہی ہیں، لیکن ہمارا بڑا شدید اختلاف رائے ہے۔انہوں نے کہا کہ کراچی کی اسلامی شہدا ریلی اور کل کا جلسہ نواز شریف کیلئے پیغام ہے،اس حوالے سے سینیٹر سے بھی بات کروں گا۔