لاہور( این این آئی)لاہور ہائیکورٹ نے فوج مخالف بیان بازی کرنے پر سابق صدر مملکت آصف علی زرداری کیخلاف بغاوت کا مقدمہ درج کرنے کی درخواست عدم پیروی کی بناء پر خارج کر دی۔ گزشتہ روز چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس سید منصور علی شاہ نے کیس کی سماعت کی۔درخواست گزار کی جانب سے دائر کی جانے والی درخواست میں موقف اختیار کیا گیاتھا کہ سابق صدر مملکت آصف علی زرداری نے کراچی میں اپنی تقریرکے دوران فوج مخالف بیان بازی کرتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی کو جان بوجھ کر کارنر کیا جارہا ہے۔درخواست میں کہا گیا تھا کہ سابق صدر کے اس بیان سے دہشتگردی کے خلاف نبرد آزما پاک فوج کے حوصلوں کو پسپا کرنے کی کوشش کی گئی لہٰذا عدالت آصف علی زرداری کے خلاف بغاوت کا مقدمہ درج کرنے کے احکامات صادر کرے۔درخواست گزار اور ان کے وکیل کے عدالت میں پیش نہ ہونے پر درخواست خارج کر دی گئی۔