لاہور( این این آئی )ایڈیشنل سیشن جج کے ساتھ بدتمیزی کرنے والے وکیل کی ویڈیو منظر عام پر آ گئی جس میں وکیل آصف بشیر مرزا کو عدالت میں جج کو دھمکیاں دیتے ہوئے سنا جا سکتا ہے۔نجی ٹی وی کے مطابق ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ وکیل ایڈیشنل سیشن جج کی ٹیبل کھٹکھٹاتا ہوئے بدتمیزی کرتاہے ۔ جسکے جواب میں ایڈیشنل سیشن جج جواب دیتے ہیں کہ ہم نے میرٹ پر فیصلہ کرنا ہے۔ وکیل دھمکاتے ہوئے دوبارہ کہتا ہے کہ عبوری ضمانت منظور کرو گے یا میں کام اٹھاؤں،پیچھے چیمبر میں آکر میرے بات سنو گے یا میں کچھ اور کروں۔ جس کے جواب میں ایڈیشنل سیشن جج جواب دیتے ہیں کہ چیف جسٹس نے چیمبر میں وکلا ء سے ملاقاتیں کرنے سے منع کیا ہے۔ ویڈیو میں وکیل آصف بشیر مرزا کو یہ دھمکی دیتے ہوئے بھی سنا جا سکتاہے کہ تو پھر تم ذلیل و خوار ہو کر جانا چاہتے ہو۔