اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستانی سیکرٹری خارجہ نیویارک میں ہونے والی پریس ریلیز میں کسی بھی بھارتی صحافی کو شامل نہیں ہونے دیا گیا۔ پاکستانی سفارتی مشن کی جانب سے اس صورتحال پر کہا گیا ہے کہ بھارت کی جانب سے ہونے والی کسی بھی میڈیا ایونٹ میں پاکستانی صحافیوں کو مدعو نہیں کیا جاتا اس لئے ہماری جانب سے ایسا کر کے کچھ بھی غلط نہیں کیاگیا۔
تفصیلات کے مطابق پاکستانی سیکرٹری خارجہ اعتزاز چوہدری کی پریس کانفرنس میں کسی بھی بھارتی صحافی کو شامل نہیں ہونے دیا گیا اس موقع پر بھارتی ٹی وی این ڈی ٹی وی کے صحافی نمرتا برار نے پریس کانفرنس میں شامل ہونے کی کوشش کرتے ہوئے جب بھارتی چینل کا مائک وہاں رکھنے کی کوشش کی تو پاکستان حکام کی جانب سے “اس بھارتی کو باہر نکالو ” کہہ کر صحافی کو باہر نکال دیا گیا ۔ جس کے بعد بھارتی میڈیا کی جانب سے پاکستانی حکام کے اس عمل پر شدید واویلا مچایا گیا جس نے جواب میں پاکستانی سفارتی مشن نے ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ بھارت کی کسی بھی تقریب میں پاکستانی صحافیوں کو شامل ہونے کی اجازت نہیں دی جاتی اس لئے ایسا کر کے ہم نے کچھ بھی غلط نہیں کیا۔
پاکستانی حکام کی جانب سے اس عمل کی رپورٹنگ کرتے ہوئے بھارتی ٹی وی چینل نے کہاہے کہ اس واقعہ سے اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ دونوں ممالک کےمابین کشیدگی کس حد تک پہنچ چکی ہے۔