سرینگر(آن لائن)انٹرنیشنل سکھ فیڈریشن نے بھارتی فورسز کے ہاتھوں بے گناہ کشمیری نوجوانوں کے قتل اور کرفیو کے مسلسل نفاذ کی شدید مذمت کی ہے۔میڈ یا رپورٹ کے مطابق پارٹی کے جنرل سیکرٹری بکرم سنگھ پاپا نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ کشمیر ایک سیاسی مسئلہ ہے جسکا حریت قیادت کے ساتھ بات چیت کے ذریعے حل نکالا جانا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ طاقت کے بل بوتے پر آج تک کسی مسئلے کا حل نہیں نکلا ہے۔ بکرم سنگھ نے کہا کہ مقبوضہ وادی میں گزشتہ ڈھائی ماہ سے فون اور انٹرنیٹ سرسز کی بندش سے کشمیریوں کو سخت مشکلات کا سامنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عید کے موقع پر بھی کئی نوجوانوں کو قتل کیا گیا۔ بکرم سنگھ نے کہا کہ بھارتی رہنما بے بنیاد بیانات دیکر عالمی برادری کو گمراہ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔انٹرنیشنل سکھ فیڈریشن کا اس بارے میں مزید کہنا تھا کہ سکھ کشمیرکو پاکستان کا حصہ سمجھتے ہیں کیونکہ وہاں مسلم اکثریت ہے۔ بھارت میں سکھ کمیونٹی کے کشمیر معاملے پر دباؤ نے نریندر مودی کی نیندیں حرام کر دی ہیں۔