اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) کراچی میں نا معلوم افراد کی جانب سے الطاف حسین کے حق میں بینرز لگائے جانے کے بعد اچانک بڑی کارروائی ہو گی۔ تفصیل کے مطابق بینرز کا معاملہ ابھی دبا نہیں تھا کہ نا معلوم افراد نے نیا معاملہ کھڑا کر دیا ہے۔ نجی ٹی وی رپورٹ کے مطابق شہر بھر میں اچانک بسوں اور ٹرکوں کو آگ لگانے کے واقعات شروع ہو گئے۔ نجی ٹی وی کے مطابق نا معلوم افراد لانڈھی میں بس کو آگ لگا کر فرار ہو گئے۔ دوسری جانب نیپئر کے علاقے میں بھی ایک بس کو آگ لگا دی گئی۔ پولیس کے مطابق بس کے مالک سے بھتہ طلب کیا گیا تھا جو نہیں ملا تو آگ لگا دی گئی۔ لانڈھی اور نیپئر کے علاوہ بفر زون، فیڈرل ایف بی ایریا میں ٹرک کو آگ لگا دی گئی ۔ نجی ٹی وی رپورٹ کے مطابق نا معلوم افراد کی اچانک کارروائیوں سے شہر کا امن و امان تباہ و برباد ہو کر رہ گیا ہے اور شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا ہے۔ پولیس ذرائع کے مطابق بانی ایم کیو ایم سے غداری کے بینرز روز بروز بڑھتے جا رہے ہیں اور اب اچانک بسوں اور ٹرکوں کو جلائے جانے کی کارروائیاں شروع ہو گئی ہیں۔