کراچی(این این آئی)سابق ایم کیو ایم رہنماعامرلیاقت حسین نے دہشت گردی اوربغاوت کے الزام میں درج مقدمات سے حفاظتی ضمانت کے لیے سندھ ہائی کورٹ سے رجوع کرلیا ہے ۔پیرکوسندھ ہائی کورٹ میں دائر کی گئی درخواست میں عامر لیاقت نے موقف اختیار کیا ہے کہ مجھ پر عائد الزامات بے بنیاد ہیں۔ اشتعال انگیز تقریر سے میرا کوئی تعلق نہیں ہے۔ گرفتاری کا خدشہ ہے لہٰذا حفاظتی ضمانت منظورکی جائے۔عامرلیاقت نے حفاظتی ضمانت کی درخواست میں مزید کوئی مقدمہ درج نہ کرنے کی استدعا کرتے ہوئے کہا کہ میں نے سہولت کارکا کردار ادا نہیں کیا۔ ذاتی حاضری سے بھی استثنی قرار دیا جائے۔واضح رہے کہ عامر لیاقت کے خلاف ملیر سٹی تھانے میں تین مقدمات درج ہیں جو متحدہ کے بانی کی بائیس اگست کو کی جانے والی تقریر کے بعد درج کیے گئے۔