کراچی(نیوز ڈیسک)ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے تحت ایکسپو پاکستان نمائش کا آغاز 26 فروری کو کراچی میں ہورہا ہے۔ تفصیلات کے مطابق نمائش کا افتتاح وزیر اعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف کریں گے، ٹی ڈیپ ذرائع کے مطابق ایکسپو سینٹر میں 26 فروری سے شروع ہونے والی چار روزہ نمائش میں70 سے زائد ممالک شرکت کریں گے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ چھ ہالز میں 350 سے زائد کمپنیاں اپنی مصنوعات نمائش کیلئے پیش کریں گی۔ ذرائع کے مطابق نمائش کے ابتدائی 2 روز غیر ملکی مندوبین اور کارپوریٹ سیکٹر کے لئے مختص ہوں گے ، جبکہ آخری دو روز عوام کیلئے ہوں گے۔ ذرائع کاکہنا ہے کہ نمائش میں 14 کروڑ روپے سے زائد کے اخراجات آئیں گے۔ نمائش کی تمام تر تیاریاں مکمل اور سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔