پشاور (نیوزڈیسک)وفاق نے خیبر پختونخوا سمیت ملک بھر میں پاسپورٹ تجدید کی درخواستوں کے لئے آن لائن نظام متعارف کرانے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ نئے پاسپورٹ دفاتر کے لئے صوبے کے سات اضلاع میں پی سی ون بھی تیار کر لیا ہے۔ اس اقدام سے لوگوں کو گھنٹوں لائنوں میں کھڑے ہونے کی ضرورت نہیں رہے گی اور گھر بیٹھے درخواست دے سکیں گے۔ اس سلسلے میں سافٹ ویئر کی تیاری آخری مرحلے میں پہنچ گئی ہے۔سافٹ ویئر کی تیاری کا ٹاسک نادرا کو سونپا گیا ہے۔ نادرا کے زیر انتظام سوفٹ ویئر کی تیاری جاری ہے جس میں ابتدائی طور پر پاسپورٹ کی تجدید کی جائیگی رواں سال مارچ میں آن لائن نظام کو شروع کردیا جائیگا ملک میں پاسپورٹ آفیسز کی قلت کے پیش نظر حکومت نے خیبر پختونخوا سمیت ملک بھر میں 73اضافی ریجنل پاسپورٹ آفیسز قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے ان 73دفاتر کے قیام کے بعد دسمبر 2016تک پاکستان کے اندر ریجنل پاسپورٹ آفیسز کی تعداد 95سے بڑھ کر 168تک پہنچ جائیگی۔