اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) وفاقی حکومت نے اسلام آباد میں گاڑیوں کی رجسٹریشن کے نظام میں اہم تبدیلی کا فیصلہ کیا ہے، جس کے تحت امریکی طرز کا ماڈل اپنایا جا رہا ہے۔
محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق، اب گاڑی کی رجسٹریشن نمبر پلیٹ کسی مخصوص گاڑی کے بجائے گاڑی کے مالک کے نام سے منسلک ہوگی۔ یعنی، رجسٹریشن نمبر اب فرد کا ذاتی اثاثہ تصور ہوگا۔
نئے نظام کے تحت جب کوئی گاڑی فروخت کی جائے گی تو خریدار کو نیا رجسٹریشن نمبر دیا جائے گا، جبکہ سابقہ مالک کے نام سے منسلک نمبر اس کی ملکیت میں ہی رہے گا۔ اس طرح پرانی گاڑی خریدنے والے کو بھی نیا نمبر حاصل کرنا ہوگا۔
نوٹیفکیشن میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ اگر کسی شہری کے پاس گاڑی موجود نہ ہو، تب بھی وہ اپنا رجسٹریشن نمبر ایک سال تک اپنے پاس محفوظ رکھ سکتا ہے۔ تاہم، اگر مقررہ مدت کے اندر اس نمبر کو کسی اور گاڑی پر استعمال نہ کیا گیا، تو وہ نمبر منسوخ کر دیا جائے گا۔
ڈی جی ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن اسلام آباد کی جانب سے جاری کردہ اس ہدایت کا اطلاق اسلام آباد میں موجود تمام نئی اور پرانی گاڑیوں پر یکساں طور پر ہوگا۔ اس فیصلے کا مقصد رجسٹریشن نظام کو زیادہ شفاف، منظم اور بین الاقوامی معیار کے مطابق بنانا ہے۔