پیرس ( نیوز ڈیسک) فرانس کے ایک سکول نے مسلمان اور یہودی طالب علموں کو حکم دیا ہے کہ وہ لنچ ٹائم کے وقت اپنے گلے کے گرد سرخ رنگ کی ڈسکس پہنیں جس کی وجہ سے مسلمان اور یہودی طلبہ میں غم و غصہ پایا جاتا ہے۔ بروگونڈی میں ایک سکول نے طلبہ کو حکم دیا ہے جو طلبہ سور کا گوشت نہیں کھاتے وہ لنچ ٹائم گلے کے گرد سرخ رنگ کی ڈسک پہنیں جب کہ جو گوشت نہیں کھاتے وہ پیلے رنگ کی ڈسک پہنیں۔ سکول میں 1500 کے قریب طلبہ تعلیم حاصل کر رہے ہیں لیکن اس واقعہ کے بعد 18 طلبہ کے والدین نے اپنے بچوں کو سکول سے نکال لیا ہے اور کہا ہے کہ سکول کے اس اقدام نے نازی دور کی یاد دلادی جب یہودیوں کو ییلو سٹار پہننے پر مجبور کیا جاتا تھا۔ ایک مقامی کونسلر نے کہا سکول کا یہ اقدام آپ کو یاد دلاتا ہے کہ آپ ابھی بھی تاریکی میں رہ رہے ہیں، انہوں نے کہا اس طرح کا عمل لاگو نہیں کیا جا سکتا اور کسی کو بھی سکول کے بچوں پر اس کو لاگو نہیں کر سکتا۔ میئر آفس میں کمیونیکیشن کے ہیڈ نے کہا یہ واقع صرف ایک دن ہی پیش آیا اور وہ بھی کنٹین سٹاف کا یہ ذاتی عمل تھا جس کے لئے انہوں نے انتظامیہ کو بھی آگاہ نہیں کیا۔ انہوں نے کہا جب ہم نے یہ سنا تو ہمیں دھچکا لگا اور میئر نے اس واقعہ کی تحقیقات کا حکم دے دیا ہے