کابل (نیوزڈیسک)افغان صدراشرف غنی پھر پاکستان کیخلاف زہر اگلنے لگے،سنگین ترین الزام عائد کردیا، افغان صدر اشرف غنی نے کہا ہے کہ پاکستان گزشتہ 14 سال سے افغانستان کیخلاف غیر اعلانیہ جنگ میں ملوث ہے ¾افغانستان میں امن غیر ملکی مذاکرات کاروں کے ذریعے نہیں آئیگا۔عید کے روز صدارتی محل میں مختلف علاقوں سے آئے ہوئے قبائلی رہنماﺅں اور دیگر شخصیات سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ افغانستان پاکستان کےساتھ غیر اعلانیہ جنگ کا خاتمہ چاہتا ہے اور اس کیلئے انہیں افغان عوام کی حمایت درکار ہے۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان میں امن غیر ملکی مذاکرات کاروں کے ذریعے نہیں آئیگا۔ صدارتی محل سے جاری کئے گئے بیان کے مطابق صدر قندھار اور افغانستان کے مشرقی علاقوں سے آئے ہوئے قبائلی عمائدین اور اہم شخصیات سے خطاب کررہے تھے ۔صدر اشرف غنی نے کہا کہ ہماری حکومت امن مذاکرات کیلئے کوشش کررہی ہے کیونکہ امن لوگوں کا بنیادی مطالبہ ہے انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت کی علاقائی اور بین الاقوامی سطح پر کوششیں کامیاب ہو رہی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان ایک مالدار ملک ہے لیکن اس کے لوگ غریب ہیں، امن کے قیام سے افغانستان میں موجود وسائل کو بروئے کار لایا جاسکتا ہے جو لوگوں کی حالت بہتر بنانے اور ترقی میں اہم کردار ادا کرسکتے ہیں۔