کراچی (این این آئی) شہر قائد کی پولیس کی رشوت ستانیوں کی کہانیاں کسی سے ڈھکی چھپی نہیں، تاہم اب موٹو پتلو کے نام سے مشہور دو اہل کاروں کی رشوت ستانی کا بھی چرچا ہونے لگا ہے۔تفصیلات کے مطابق کراچی ڈسٹرکٹ سینٹرل پولیس، تھانہ لیاقت آباد کے دو اہل کاروں کی رشوت لینے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر سامنے آئی ہے، یہ اہل کار موٹو پتلو کے نام سے مشہور ہیں، ویڈیو سامنے آنے پر ایس ایس پی نے ایکشن بھی لے لیا۔
ویڈیو میں ایک موٹے اور ایک پتلے پولیس اہل کار کو کراچی کے علاقے لیاقت آباد کی مارکیٹ میں رشوت لیتے دیکھا جا سکتا ہے۔لیاقت آباد کے ریڑھی بانوں نے شکایت کی ہے کہ یہ دو اہل کار روزانہ کی بنیاد پر رشوت لینے آتے ہیں اور کوئی ریڑھی والا رشوت نہ دے تو سخت ناروا سلوک کیا جاتا ہے، ان کا کہنا تھا کہ اعلی پولیس حکام کو اس معاملے کی تحقیقات کروانی چاہیے۔گزشتہ روز 14 جون کو ایس ایس پی ڈسٹرکٹ سینٹرل نے ویڈیو میں نظر آنے والے دونوں اہل کاروں کے خلاف ایکشن لیتے ہوئے انھیں معطل کر کے کوارٹر گارڈ کر دیا۔پولیس ترجمان کا کہنا تھا کہ ایس ایس پی ڈسٹرکٹ سینٹرل نے واقعے کی مکمل انکوائری اے ایس پی لیاقت آباد ڈویژن کے سپرد کر دی ہے، انکوائری مکمل ہونے پر محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔