کراچی(این این آئی)سمندری طوفان بپر جوئے کی شدت کے باعث کراچی کے ساحل ہاکس بے پر سمندر بپھر گیا، جس کی وجہ سے سومار گوٹھ کے قریب بنایا گیا بند ٹوٹ گیا، بند ٹوٹنے سے 180 مکانات کو خطرہ لاحق ہوگیا ہے۔ہاکس بے پر گزشتہ شام سے ہی طغیانی کی صورتحال ہے، سمندری لہیں ساحل پر موجود ہٹس سے پوری شدت کے ساتھ ٹکرا رہی ہیں۔ جبکہ متعدد مقامات پر ہٹس زیر آب آچکے ہیں۔
پانی ہاکس بے کی سڑکوں تک آگیا ہے، جبکہ کئی جگہوں پر آبادی میں بھی داخل ہوگیا ہے۔ہاکس بے جانے والی سڑکیں کنٹینرز لگا کر بند کردی گئی ہیں۔اسی سے ملتی جلتی صورت حال سی ویو پر بھی ہے، جہاں سمندری لہریں دو دریا کی دیوار سے ٹکرا رہی ہیں، جبکہ ساحل پر پانی کافی چڑھا ہوا ہے۔حکام کی جانب سے متعدد بار ساحل سے دور رہنے کی اپیل کی گئی ہے، اس بے باوجود لوگ دفعہ 144 کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ساحل کا رخ کر رہے ہیں۔کراچی پولیس نے دفعہ 144 کی خلاف ورزی کرنے والے متعدد افراد کے خلاف مقدمات درج کر لئے ہیں۔