گوجرانوالہ (این این آئی)ایف آئی اے گوجرانوالہ نے کئی ممالک کے جعلی پاسپورٹ اور سفری دستاویزات بنانے والی لیب پکڑ لی، 4 ملزمان کو گرفتار کرکے جعلی پاسپورٹ بھی برآمد کرلئے گئے۔ایف آئی اے گوجرانوالہ نے خفیہ اطلاع پر بڑی کارروائی کرتے ہوئے جعلی سفری دستاویزات کی تیاری میں ملوث 4 ملزمان کو گرفتار کرلیا، ملزمان نے جعلی سفری دستاویزات بنانے کیلئے لیب بنائی ہوئی تھی۔
حکام کے مطابق ملزمان کے قبضے سے سینکڑوں کی تعداد میں بھارت، اٹلی، بنگلہ دیش، امریکا اور کینیڈا کے جعلی پاسپورٹ برآمد کرلئے گئے، جعلی ویزا اسٹیکرز، مہریں، پرنٹرز اور مختلف ٹولز بھی قبضے میں لے لئے گئے۔ایف آئی اے حکام کے مطابق عمران سٹی گوجرانوالہ سے گرفتار ملزمان میں زین علی، امیر حمزہ، فیضان علی اور فہد علی شامل ہیں۔رپورٹ کے مطابق ملزمان بھاری رقوم کے عوض سادہ لوح شہریوں کو جعلی پاسپورٹ اور جعلی ویزا دینے میں ملوث تھے، مقدمہ درج کرکے ملزمان کیخلاف کارروائی شروع کردی گئی۔