واشنگٹن(نیوزڈیسک)شام میں روسی موجودگی،نئے انکشاف نے امریکہ میں کھلبلی مچادی،امریکی محکمہ دفاع کے ایک عہدیدار نے دعویٰ کیا ہے کہ شام کے ساحلی شہراللاذقیہ کے ایک فوجی اڈے پر روس کے چار جنگی جہاز پائے گئے ہیں۔عرب میڈیا کے مطابق امریکی محکمہ دفاع پینٹاگون کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ شام کے اللاذقیہ شہر میں روس کے چار جنگی جہازوں کو دیکھا گیا ہے۔ خیال رہے کہ اللاذقیہ کو صدربشارالاسد کا گڑھ سمجھا جاتا ہے۔ حالیہ ایام میں خبریں آئی ہیں کہ شام نے اللاذقیہ میں روس کو اپنا فوجی اڈہ بنانے کی اجازت دی ہے۔قبل ازیں جمعہ کو پینٹا گون کی جانب سے بتایا گیا تھا کہ امریکی اور روسی وزراءدفاع نے شام کے تنازع کے حل کے سلسلے میں اعلیٰ سطحی رابطے کیے ہیں۔امریکی محکمہ دفاع کے ترجمان پیٹر کوک نے اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ وزیر دفاع آشٹن کارٹر اپنے روسی ہم منصب سیرگئی شویگو نے ٹیلیفون پر تبادلہ خیال کیا ہے، دونوں رہنماﺅں نے شام کے موجودہ تنازع پر بات چیت کی اور بحران کے حل کے لیے سیاسی کوششیں تیز کرنے پراتفاق کیا۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ دونوں ملکوں کے وزراءخارجہ نے شام کے تنازع کے بارے میں ایک دوسرے اپنے اپنے نقطہ نظر سے بھی آگاہ کیا۔ ٹیلیفون پر بات کرتے ہوئے دونوں رہنماﺅں نے شام کے تنازع کے حل اورداعش کے خلاف جنگ کے بارے میں اتفاق رائے پیدا کرنے کے لیے مزید رابطوں پر بھی اتفاق کیا ہے۔