برلن(نیوز ڈیسک)جرمنی کے سرکاری وکیل کا کہنا ہے کہ داعش کے علاوہ شام میں سرگرم دو دیگر تنظیموں کی مدد کے الزام میں 6 جرمن شہریوں اور ایک پاکستانی پر فرد جرم عائد کی گئی ہے۔خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس (اے پی) کے مطابق سرکاری وکیل نے بتایا ہے کہ جن افراد پر فرد جرم عائد کی گئی ہے ان کی عمریں 23 سے 59 سال کے درمیان ہے اور ان میں ایک خاتون بھی شامل ہے جو کہ شام میں سرگرم احرار شام اور جند الشام نامی تنظیموں میں شمولیت کے لئے مدد اور سرمایہ فراہم کرتے تھے۔ان پر الزام ہے کہ انھوں نے شام میں کشیدگی کے ابتدا 2013 سے ستمبر 2014 تک دہشت گرد تنظیموں کی مدد کی ہے۔جن 7 افراد پر فرد جرم عائد کی گئی ہے ان میں سے دو افراد گرفتار ہیں، جن میں سے ایک ملزم پر ایک شخص کو داعش کی مدد یا اس میں ممبر کے طور پر شامل کروانے کا الزام ہے۔واضح رہے کہ جرمنی کے حکام کا کہنا ہے کہ عراق اور شام میں شدت پسند گروپس میں شمولیت کے لیے جرمنی سے 700 افراد نے سفر کیا ہے